’اسدا‘سپرمارکیٹ غربت ختم کرنے کےلئے بھی اپنا کردار ادا کرے گی

sample-ad

برطانوی سپرمارکیٹ اسدا(Asda) نے ملک میں غربت کم کرنے کے ایک منصوبے میں شراکت کے لئے بیس ملین پاﺅنڈز مختص کئے ہیں۔ بعض خیراتی اداروں کے ساتھ اس منصوبے کے تحت اگلے تین برسوں میں دس لاکھ مستحق افراد کو خوراک فراہم کی جائے گی۔ ’اسدا‘ خوراک کی تقسیم کے لئے دو خیراتی اداروں فئیرشئیر اور ٹرسل ٹرسٹ کا انفراسٹرکچر استعمال کرے گی۔اس طرح مذکورہ بالا دونوں اداروں کو سالانہ چوبیس ملین کھانے مزید میسر آئیں گے جو قریباً چارسوفوڈبنکوں کے ذریعے پورے برطانیہ میں پھیلے ہوئے مستحقین کو فراہم کئے جائیں گے۔

ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے کے نتیجے میں پانچ لاکھ افراد کو تازہ خوراک ملے گی اور اگلے تین برسوںمیں دس لاکھ افراد کو غربت کے دائرے سے باہر نکالاجائے گا۔ ’اسدا‘ کے چیف کسٹمر آفیسر اینڈی مورے کا کہناہے کہ اس وقت برطانیہ میں چوراسی لاکھ افراد مناسب خوراک حاصل کرنے کی مالی استطاعت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ایک دوسرے اندازے کے مطابق ہر دس میں سے ایک برطانوی کو اپنے بل اداکرنے کے لئے ایک وقت کا کھانا چھوڑدیتاہے، ایسے ہرچار لوگوں میں سے ایک بچہ ہوتاہے۔

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ برطانیہ میں ہر سال چالیس لاکھ ٹن صحت مند خوراک ضائع ہوجاتی ہے۔ہم خوراک کا یہ ضیاع برداشت نہیں کرسکتے، ہم اس صورت حال کو قبول نہیں کرسکتے بالخصوص ایک ایسے وقت میں جب ہمارے لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھوک کی شکار ہے۔ منصوبے کے تحت نہ صرف لوگوں کو کھانا فراہم کیاجائے گا بلکہ انھیں مشورہ دیاجائے گا کہ وہ کیسے اپنے قرضوں سے جان چھڑائیں، اس کے علاوہ انھیں روزگار کے حوالے سے مشورے بھی دئیے جائیں گے۔